پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دائم غواصی کی غزلیں — Daem Gawwasi Ghazals

دائم غواصی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چہرے پہ نور صبح سیہ گیسوؤں میں رات (غزل)

چہرے پہ نور صبح سیہ گیسوؤں میں رات

اتری تھی اک پری لئے اپنے پروں میں رات

دن تو شکم کی آگ بجھانے میں جائے ہے

شکر خدا کہ کٹتی ہے دانشوروں میں رات

تھی وجہ خواب کل یہی تسکین قلب بھی

ہم کو تو اب ڈرانے لگی زلزلوں میں رات

ہر صاحب کمال ہے فن کے عروج پر

قبلہ نما رہی ہے سبھی حادثوں میں رات

آنکھوں میں ان کا حسن تھا سوتا میں کس طرح

آئی تھی گرچہ گھر مرے کتنے دنوں میں رات

آوارگی کی چھاپ وہ آئی تھی چھوڑنے

شرمندہ ہو کے لوٹ گئی دل جلوں میں رات

کچھ دیر ہاؤ ہو کا تھا منظر شباب پر

دن کی تھکی تھی سو ہی گئی مندروں میں رات

ہم تھے کہ غرق جام رہے میکشوں کے بیچ

ہم کو تلاش کرتی رہی عابدوں میں رات

جگنو چمک رہے تھے اجالے میں عشق کے

دائمؔ قیام کرتی کہاں بزدلوں میں رات

باب رحمت پہ دعا گریہ کناں ہو جیسے (غزل)

باب رحمت پہ دعا گریہ کناں ہو جیسے

گمشدہ بیٹے کی مضطر کوئی ماں ہو جیسے

اس کی ممتاز کی روداد محبت لکھ دوں

ایسے کہتا ہے کوئی شاہ جہاں ہو جیسے

گفتگو میں وہ حلاوت وہ عمل میں اخلاص

اس کی ہستی پہ فرشتے کا گماں ہو جیسے

اس کی دزدیدہ نگاہی کے ہیں سب ہی گھائل

کوئی صیاد لئے تیر و کماں ہو جیسے

مجھ کو اردوئے معلیٰ نہیں آتی اب تک

تجھ کو یہ زعم ترے گھر کی زباں ہو جیسے

ہم کو رکھتی ہے نشانے پہ سیاست ان کی

گھر جلانے پہ بضد برق تپاں ہو جیسے

اس کے آتے ہی صنم خانوں کے بت بول اٹھے

مشرقوں میں کوئی اعجاز بیاں ہو جیسے

یوں تری زلف کی خوشبو ہے سر شام اڑی

کشتیٔ فکر یم فن میں رواں ہو جیسے

تیرے اشعار اتر آتے ہیں دائمؔ دل میں

حق پرستوں کے لئے صوت اذاں ہو جیسے