پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ڈی ۔ راج کنول کی غزلیں — D Raj Kanwal Ghazals

ڈی ۔ راج کنول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی نے با وفا سمجھا کسی نے بے وفا سمجھا (غزل)

کسی نے با وفا سمجھا کسی نے بے وفا سمجھا

مجھے غیروں نے کیا سمجھا مجھے اپنوں نے کیا سمجھا

غم پیہم ہوئی ثابت جسے میں نے بقا سمجھا

حیات جاوداں نکلی جسے میں نے قضا سمجھا

غلط سمجھا زمانے میں تجھے درد آشنا سمجھا

مری نظروں کا دھوکا تھا میں پتھر کو خدا سمجھا

وفا کی راہ میں کھائے ہیں ایسے بھی کبھی دھوکے

وہ ظالم ابتدا نکلی جسے میں انتہا سمجھا

اسے دل کا جنوں کہئے کہ میری سادگی کہئے

میں ہر اک رہ گزر کو آج اس کا نقش پا سمجھا

بہت ممکن تھا موجوں سے مری کشتی نکل آتی

مگر وہ راہزن نکلا جسے میں ناخدا سمجھا

رہ الفت میں ایسے بھی کنولؔ اکثر مقام آئے

جہاں ہر دل کی دھڑکن کو میں اپنی ہی صدا سمجھا

دنیا میں دل لگا کے بہت سوچتے رہے (غزل)

دنیا میں دل لگا کے بہت سوچتے رہے

کانٹوں کو گدگدا کے بہت سوچتے رہے

کل صبح ایک شاخ یہ دو ادھ کھلا گلاب

تھوڑا سا مسکرا کے بہت سوچتے رہے

کیا جانے چاندنی نے ستاروں سے کیا کہا

شب بھر وہ سر جھکا کے بہت سوچتے رہے

ٹوٹا کہیں جو شاخ سے غنچہ تو ہم وہیں

پہلو میں دل دبا کے بہت سوچتے رہے

کیا جانے کس لئے وہ نظر کے سوال پر

ہم سے نظر بچا کے بہت سوچتے رہے

اتنا تو یاد ہے کہ محبت کے ذکر پر

ہونٹوں کو وہ دبا کے بہت سوچتے رہے

ہاتھوں سے گر کے چور ہوا جام جب کنولؔ

ٹکڑے اٹھا اٹھا کے بہت سوچتے رہے

جوت اک بنگال سے اٹھ کر جہاں پر چھا گئی (نظم)

جوت اک بنگال سے اٹھ کر جہاں پر چھا گئی

چاندنی بن کر فضا میں پھول سے بکھرا گئی

دھوم تھی جس کی جہاں میں ہر طرف اک شور تھا

ایک عالم جانتا ہے وہ کوئی ٹیگور تھا

اک سراپا سوز تھا وہ ایک رنگیں ساز بھی

وہ مجسم درد تھا اور پیار کی آواز بھی

اس کے گیتوں میں چھپی تھی دو جہاں کی سر خوشی

اس کے نغموں سے چھلکتی تھی شراب زندگی

اک مسلسل جوش تھا وہ ایک بحر‌ بیکراں

اس کی پیشانی کو جھک کر چومتا تھا آسماں

جنگ آزادی کا اک سچا علمبردار بھی

مرد کامل تھا وہ گویا پھول بھی تلوار بھی

اس کے نغموں سے چھلکتی ہے حیات جاوداں

اس کے گیتوں میں چھپی ہے عظمت ہندوستاں

وہ مصور تھا مگر خود ہند کی تصویر بھی

اک سنہرا خواب تھا اور خواب کی تعبیر بھی