چترانش کھرے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمارے صبر کا اک امتحان باقی ہے (غزل)
ہمارے صبر کا اک امتحان باقی ہے
اسی لئے تو ابھی تک یہ جان باقی ہے
وہ نفرتوں کی امارت بھی گر گئی دیکھو
محبتوں کا یہ کچا مکان باقی ہے
مرا اصول ہے غزلوں میں سچ بیاں کرنا
میں مر گیا تو مرا خاندان باقی ہے
میں چاند پر ہوں مگر مطمئن نہیں ہوں میں
مرے پروں میں ابھی بھی اڑان باقی ہے
مٹا دو جسم سے میری نشانیاں لیکن
تمہاری روح پہ میرا نشان باقی ہے
تمہیں تو سچ کو اگلنے کی تھی بڑی عادت
تمہارے منہ میں ابھی تک زبان باقی ہے
ہماری موت کو برسوں گزر گئے لیکن
بدن کا خاک سے اب تک ملان باقی ہے
محبت کی گلی سے ہم جہاں ہو کر نکل آئے (غزل)
محبت کی گلی سے ہم جہاں ہو کر نکل آئے
غزل کہنے کے تب سے خود بہ خود منظر نکل آئے
ہمارے حال پر کوئی بھی ہوتا جی نہیں پاتا
غزل نے ہاتھ جب پکڑا تو ہم بچ کر نکل آئے
یہ سرکاری محل بھی کس قدر کچے نکلتے ہے
ذرا بارش ہوئی بنیاد کے پتھر نکل آئے
سفارش کے بنا جب بھی چلے ہم حسرتیں لے کر
ہوئی جب شام تو مایوس اپنے گھر نکل آئے
ذرا سی دیر ہم نے نرم لہجہ کیا کیا اپنا
ہمارے دشمنوں کے کیسے کیسے پر نکل آئے