پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چترا بھاردواج سمن کی غزلیں — Chitra Bhardwaj Suman Ghazals

چترا بھاردواج سمن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جسم و جاں پر کسی جوگی کا میں سایہ دیکھوں (غزل)

جسم و جاں پر کسی جوگی کا میں سایہ دیکھوں

عشق کی تال پہ جوگن کا تھرکنا دیکھوں

اپنے چہرے پہ تیری آنکھوں کا پہرہ دیکھوں

پیاس دریا کا سمندر میں سمانا دیکھوں

قطرہ قطرہ جو نشہ عشق کا اترا مجھ میں

رفتہ رفتہ تری سانسوں میں اترتا دیکھوں

پہلے مصرع میں تجھے باندھ لیا ہے میں نے

دوسرے مصرع میں اب خود کا بسیرا دیکھوں

ابر بن برسے میرے کھیت سے گزرا ہے ابھی

موسم آب میں فصلوں کو جھلستا دیکھوں

چشم کی جھیل میں وہ عکس اتر جائے پھر

شب تو آدھی ہو مگر چاند کو پورا دیکھوں

آرزو میں تری بل کھائے چلی جاؤں سمنؔ

جب کسی بیل کو میں پیڑ سے لپٹا دیکھوں

تمام عمر ہی وہم و گمان میں گزری (غزل)

تمام عمر ہی وہم و گمان میں گزری

مری تو پیاس سرابوں کے دھیان میں گزری

میں چاندنی تھی زمیں پر اتر ہی آنا تھا

وہ ٹھہرا چاند تو شب آسمان میں گزری

گلی میں عشق کی مہنگا تھا وصل کا بنگلہ

تو سانس ہجر کے سستے مکان میں گزری

کہاں پہ کرتی ہے سرکار دل رعایت کچھ

کمائی عشق کی ساری لگان میں گزری

یہ عمر آدھی تو کار جہاں میں بیت گئی

بچی تھی وہ بھی سفر کی تھکان میں گزری