پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چراغ الدین چراغ کی غزلیں — Chiraguddin Charagh Ghazals

چراغ الدین چراغ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کاغذ کی وادیوں میں کرے یوں سفر غزل (غزل)

کاغذ کی وادیوں میں کرے یوں سفر غزل

چھو لے جبین عرش وہ تخلیق کر غزل

کاغذ پہ اک حسین سا پیکر اتار لیں

تنہائی کے سفر میں رہے ہم سفر غزل

جس کے بھی قول و فعل میں یکسانیت ملے

سمجھو اسی کی آج ہے پیغامبر غزل

دست طلب سے بھیک تو ملنی نہیں تجھے

ایسا رہا خیال تو بے موت مر غزل

میرے سخن کی دوستو معراج دیکھیے

پڑھتی رہی غزل بھی مری رات بھر غزل

غزل کو حسن لفظوں کو معانی کون دیتا ہے (غزل)

غزل کو حسن لفظوں کو معانی کون دیتا ہے

سخن کی اس زلیخا کو جوانی کون دیتا ہے

دھنک کے سات رنگوں میں تبسم کس کا شامل ہے

صدف میں زندگی کی ضو فشانی کون دیتا ہے

زباں لکنت زدہ ہو بات بھی کرنی نہیں آئے

اسی بچے کو پھر زور بیانی کون دیتا ہے

اگر چھینکو تو رک جاتی ہے دھڑکن ایک لمحے کو

کہ دل کے ساز کو پھر سے روانی کون دیتا ہے

جہان آب و گل کیا ہے فقط اک دائرہ لیکن

تخیل کو خلا کی حکمرانی کون دیتا ہے