چیتن پںچال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عبادت کی فراوانی غزل ہے (غزل)
عبادت کی فراوانی غزل ہے
محبت ایک روحانی غزل ہے
ہیں اس کی ملکیت میں سیکڑوں رنگ
کہیں نیلی کہیں دھانی غزل ہے
یہ لفظوں کی نمائش نثر ہے گر
تو احساسوں کی طغیانی غزل ہے
تو پھر کاغذ کے چہرے پر یہ کیا ہے
اگر مٹی ہوا پانی غزل ہے
تپسیا کی ہے صدیوں تک سخن کی
تبھی چیتنؔ نے پہچانی غزل ہے
جب کوئی اچھا کام کرتا ہوں (غزل)
جب کوئی اچھا کام کرتا ہوں
ماں کو پہلے سلام کرتا ہوں
تو اگرچہ نہ کر مری توقیر
میں ترا احترام کرتا ہوں
مجھ کو بھی خوب چین ملتا ہے
میں بھی اوروں کے کام کرتا ہوں
ہند میں سینکڑوں مذاہب ہیں
سب کا میں احترام کرتا ہوں