اختر لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب درد کا سورج کبھی ڈھلتا ہی نہیں ہے (غزل)
اب درد کا سورج کبھی ڈھلتا ہی نہیں ہے
اب دل کوئی پہلو ہو سنبھلتا ہی نہیں ہے
بے چین کئے رہتی ہے جس کی طلب دید
اب بام پہ وہ چاند نکلتا ہی نہیں ہے
اک عمر سے دنیا کا ہے بس ایک ہی عالم
یہ کیا کہ فلک رنگ بدلتا ہی نہیں ہے
ناکام رہا ان کی نگاہوں کا فسوں بھی
اس وقت تو جادو کوئی چلتا ہی نہیں ہے
جذبے کی کڑی دھوپ ہو تو کیا نہیں ممکن
یہ کس نے کہا سنگ پگھلتا ہی نہیں ہے
کسی کا چہرہ کسی پر سجا نہیں دیتا (غزل)
کسی کا چہرہ کسی پر سجا نہیں دیتا
کبھی فریب کوئی آئنہ نہیں دیتا
حسد کا رنگ پسندیدہ رنگ ہے سب کا
یہاں کسی کو کوئی اب دعا نہیں دیتا
اک اعتماد تھا باقی سو اٹھ گیا وہ بھی
کہ بھائی بھائی کے گھر کا پتا نہیں دیتا
بجھائے جب سے ہمارے چراغ لوگوں نے
کوئی درخت ہمیں اب ہوا نہیں دیتا
ہمیں خدا پہ بھروسہ ہے نا خدا پہ نہیں
خدا جو دیتا ہے وہ نا خدا نہیں دیتا