عارج میر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی باتوں کو تولنا ہوگا (غزل)
اپنی باتوں کو تولنا ہوگا
یعنی سورج کو بولنا ہوگا
دھوپ کمرے میں یوں نہ آئے گی
اٹھ کے دروازہ کھولنا ہوگا
حادثے ہیں شکست آمادہ
موت کو سر پہ ڈولنا ہوگا
نقش بکھرا دئے ہوا نے سب
ایک اک ذرہ رولنا ہوگا
آنکھ والے سے یہ تقاضا ہے
ایک اندھا ہوں بولنا ہوگا
صدیوں سے شب و روز یہی سوچ رہا ہوں (غزل)
صدیوں سے شب و روز یہی سوچ رہا ہوں
میں کون خدا کون ہے میں بھول گیا ہوں
ایسے میں امنگیں ہی ذرا ساز اٹھائیں
دہلیز پہ پھر سے میں ارادوں کی کھڑا ہوں
ہر چند بھٹکنا پڑا بازار میں برسوں
ہر شکل کی تصویر مگر کھینچ چکا ہوں
آئے نہ یقیں آئے کسی اور کو مجھ پر
صحرائے خموشی میں بہت دیر پھرا ہوں
عارجؔ کبھی اترا ہوں اندھیروں کے جگر میں
سورج کے سمندر میں کبھی غرق ہوا ہوں