پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر جمیل نظمی کی غزلیں — Akhtar Jameel Nazmi Ghazals

اختر جمیل نظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

الجھنیں اور بڑھاتے کیوں ہو (غزل)

الجھنیں اور بڑھاتے کیوں ہو

مجھ کو ہر بات بتاتے کیوں ہو

میں غلط لوگوں میں گھر جاتا ہوں

تم مجھے چھوڑ کے جاتے کیوں ہو

دن مرا کاٹے نہیں کٹتا پھر

تم ذرا دیر کو آتے کیوں ہو

میں نہیں ہاتھ لگانے والا

اس قدر خود کو بچاتے کیوں ہو

یہ بھی تسکین کی صورت ہے کوئی

اس کے خط سب کو دکھاتے کیوں ہو

وادئ گل سے گزرتے جاؤ

ہاتھ پھولوں کو لگاتے کیوں ہو

مجھ پہ روشن ہے حقیقت نظمیؔ

روز اک خواب سناتے کیوں ہو

مسلسل چلا رہ گزر میں رہا (غزل)

مسلسل چلا رہ گزر میں رہا

مرا آب و دانہ سفر میں رہا

میں اپنی گھٹن اپنے دل میں لئے

ہمیشہ ہوا دار گھر میں رہا

نظر سے کئی لوگ گزرے مگر

وہی ایک چہرہ نظر میں رہا

مجھے بھی خوشی ڈھونڈنے آئی تھی

مگر ان دنوں میں سفر میں رہا

کسی پر توجہ کسی نے نہ دی

مرا عیب سب کی نظر میں رہا

مجھے خود بھی حیرت ہے اس بات پر

سکوں سے بہت شور و شر میں رہا

گزاری ہے نظمیؔ عجب زندگی

میں باہر رہا ہوں نہ گھر میں رہا