پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف الدین عاجز کی غزلیں — Aarifuddin Aajiz Ghazals

عارف الدین عاجز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عرق جب اس پری کے چہرۂ پر نور سے ٹپکے (غزل)

عرق جب اس پری کے چہرۂ پر نور سے ٹپکے

خجل ہو گل سے شبنم جوں لہو ناسور سے ٹپکے

مری آنکھوں سے خونیں اشک یوں گرتے ہیں پلکوں پر

لہو سولی کے اوپر جوں سر منصور سے ٹپکے

اگر کیف سخن میرا نہال تاک کو پہنچے

صراحی شاخ بن جاوے شراب انگور سے ٹپکے

اگر اس زلف مشک آمیز سے چنی میں بال آوے

عجب میں عطر و عنبر کاسۂ نغفور سے ٹپکے

کروں فریاد رو رو یار کو جب یاد کر عاجزؔ

دم اسرافیل کا لوہو ہو بانگ صور سے ٹپکے

دل ہمارا گوہر غلطان بحر عشق ہے (غزل)

دل ہمارا گوہر غلطان بحر عشق ہے

دم ہمارا شورش طوفان بحر عشق ہے

ڈوب جاتا ہے دل اس کی موج بیتابی کوں دیکھ

بے طرح اے بوالہوس عنوان بحر عشق ہے

اشک نے گرداب باندھا ہے ہمارے آس پاس

کیونکہ نکلا جائے یہ زندان بحر عشق ہے

دل ڈوبانا عشق کے دریا کا ہے گا ابتدا

غرق کرنا جان کو پایان بحر عشق ہے

سیپی آنکھیں اشک موتی دل ہے مرجاں مچھلی آہ

ہم ہیں عاجزؔ کیا بلا سامان بحر عشق ہے