پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف القادری کی غزلیں — Aarif Ul Qadri Ghazals

عارف القادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تبدیلیٔ ماحول تو دشوار نہیں ہے (غزل)

تبدیلیٔ ماحول تو دشوار نہیں ہے

لیکن دل انساں ابھی بیدار نہیں ہے

صہبائے محبت سے جو سرشار نہیں ہے

کچھ اور اسے کہیے وہ مے خوار نہیں ہے

اے دست جنوں اب تو سکوں مل گیا تجھ کو

اب تو مرے دامن میں کوئی تار نہیں ہے

کچھ دیر ذرا اور ٹھہر اے غم جاناں

تو ہے تو غم زیست گراں بار نہیں ہے

دل انجمن عیش سے بیزار ہے لیکن

دنیائے غم عشق سے بیزار نہیں ہے

ڈرتا ہوں کہ یہ رسم کہیں عام نہ ہو جائے

ورنہ مجھے خوف رسن و دار نہیں ہے

ان مست نگاہوں سے جو پیتا ہے وہ مے خوار

ساقی کی توجہ کا طلب گار نہیں ہے

ہم اور غم عشق کا شکوہ ارے توبہ

ارباب محبت کا یہ معیار نہیں ہے

جام مئے عرفاں کا طلب گار ہے عارفؔ

جامے مئے رنگیں کا پرستار نہیں ہے