اختر جمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حقیقت سامنے آئے گی خوابوں کے حوالے سے (غزل)
حقیقت سامنے آئے گی خوابوں کے حوالے سے
یہاں دریا ابلتے ہیں سرابوں کے حوالے سے
ہمارے بعد آوارہ بگولے رقص کرتے ہیں
تمہیں اب کون چھوتا ہے گلابوں کے حوالے سے
سلگتے ذہن کے سب راستے سیراب ہو جاتے
برس جاتا کوئی ہم پر سحابوں کے حوالے سے
ہماری صبح اپنی ہے ہماری شام ہے اپنی
ہمارا نام مت لینا کتابوں کے حوالے سے
یہاں سے اپنے خوابوں کو اکیلا چھوڑ دیتے ہیں
بہت دن جی لیے اخترؔ حسابوں کے حوالے سے
نئی غزل نئے لہجے کی آبرو ہم تھے (غزل)
نئی غزل نئے لہجے کی آبرو ہم تھے
وہ ایک دور تھا موضوع گفتگو ہم تھے
کسی نے پچھلے پہر نیند سے جگایا ہمیں
جو آنکھ میچ کے دیکھا تو ہو بہ ہو ہم تھے
تمہاری شمع ہدایت تو جل بجھی تھی مگر
تمام رات ہواؤں کے رو بہ رو ہم تھے
تڑپ رہے تھے جبین نیاز میں سجدے
مگر وہ پاس سے گزرا تو بے وضو ہم تھے
کوئی نہیں تھا تمھارے سوا یہاں غالبؔ
یہ اور بات ہے اخترؔ کبھو کبھو ہم تھے