پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف نظیر کی غزلیں — Aarif Nazeer Ghazals

عارف نظیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب سے نصیب میرا ٹھکانے پہ آ گیا (غزل)

جب سے نصیب میرا ٹھکانے پہ آ گیا

خود ہی شکار میرا نشانے پہ آ گیا

پردا نشین پردہ نشینی میں گم رہے

الزام میرے آنکھ اٹھانے پہ آ گیا

جس کو سمجھ رہا تھا فقط آستیں کا سانپ

وہ سانپ میرے دل کے خزانے پہ آ گیا

ہاتھوں سے اس کے چھوٹ گئیں رونقیں تمام

انسان جب سے آب پہ دانے پہ آ گیا

تحقیق کی تو اپنے مقابل تھا میرا آپ

جب میں تباہیوں کے دہانے پہ آ گیا

ہم نے لہو سے جس کو جلایا منڈیر پر

اب وہ چراغ گھر کو جلانے پہ آ گیا

عارف نظیرؔ شوق سے پینے کو آئیں گے

تشنہ لبوں کو تو جو پلانے پہ آ گیا

ملے جو تم سے ملا اک سرور کیا سمجھے (غزل)

ملے جو تم سے ملا اک سرور کیا سمجھے

ہمارے دل کو ہوا ہے غرور کیا سمجھے

اسے یہ ضد کے تمہیں روز ملنے آنا ہے

تمہارا عذر دل ناصبور کیا سمجھے

ہمیں بھی شوق تو جلوہ گری کا تھا لیکن

ہمارے حصے میں موسیٰ نہ طور کیا سمجھے

اتارا جائے گا مجھ کو ضعیف ذہنوں پر

تھمائی جائے گی مجھ کو زبور کیا سمجھے

چھپا کے سینے میں اپنے تمہارا موم سا دل

کیا ہے آگ کا دریا عبور کیا سمجھے

مرض انا کا تمہیں لگ گیا ابھی لیکن

ہمیں بھی ڈھونڈو گے اک دن ضرور کیا سمجھے

تمہاری دید نے بخشی نظر کو تابانی

بسا ہے چاروں طرف نور نور کیا سمجھے

ہمارے یار کا تکیہ کلام ہے عارفؔ

ہر ایک بات پہ کہنا حضور کیا سمجھے