اختر امام رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا بھی پیش آئی بہت بے رخی کے ساتھ (غزل)
دنیا بھی پیش آئی بہت بے رخی کے ساتھ
ہم نے بھی زخم کھائے بڑی سادگی کے ساتھ
اک مشت خاک آگ کا دریا لہو کی لہر
کیا کیا روایتیں ہیں یہاں آدمی کے ساتھ
اپنوں کی چاہتوں نے بھی کیا کیا دیئے فریب
روتے رہے لپٹ کے ہر اک اجنبی کے ساتھ
جنگل کی دھوپ چھاؤں ہی جنگل کا حسن ہے
سایوں کو بھی قبول کرو روشنی کے ساتھ
تم راستے کی گرد نہ ہو جاؤ تو کہو
دو چار گام چل کے تو دیکھو کسی کے ساتھ
کوئی دھواں اٹھا نہ کوئی روشنی ہوئی
جلتی رہی حیات بڑی خامشی کے ساتھ
اپنا دکھ اپنا ہے پیارے غیر کو کیوں الجھاؤ گے (غزل)
اپنا دکھ اپنا ہے پیارے غیر کو کیوں الجھاؤ گے
اپنے دکھ میں پاگل ہو کر اب کس کو سمجھاؤ گے
درد کے صحرا میں لاکھوں امید کے لاشے گلتے ہیں
ایک ذرا سے دامن میں تم کس کس کو کفناؤ گے
توڑ بھی دو احساس کے رشتے چھوڑ بھی دو دکھ اپنانے
رو رو کے جیون کاٹو گے رو رو کے مر جاؤ گے
راز کی بات کو خاموشی کا زہر سمجھ کر پی جانا
کہنے سے بھی رہ نہ سکو گے کہہ کر بھی پچھتاؤ گے
آج یہاں پردوں سے ادھر عریانی ہی عریانی ہے
تم بھی ننگے ہو کر ناچو یوں کب تک شرماؤ گے
وہ مرے کھوکھلے سینے کی اندھیری چپ میں (نظم)
وہ مرے کھوکھلے سینے کی اندھیری چپ میں
بولتے گونجتے نغمات کا پر نور طلسم
میری راتوں کا وہ مہتاب سا جسم
آج کی رات بھی ابھرا لیکن
اوڑھ کر خون کا فرغل ابھرا
چاندنی زہر اگلتی ہوئی آگ
نغمگی درد کے صحراؤں کا راگ
چار سو پھیل رہی ہے پھر سے
کرب کی آہنی باہوں میں لرزتی ہوئی رات
پھر وہی چپ کا ہراس
پھر وہی زہر مرے دل کی اساس