پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر امام انجم کی غزلیں — Akhtar Imam Anjum Ghazals

اختر امام انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کو ہمیشہ سے شریک کار دیکھا ہے (غزل)

محبت کو ہمیشہ سے شریک کار دیکھا ہے

عداوت سے ہر اک رشتہ یہاں دشوار دیکھا ہے

یہاں آپس میں ہم آہنگ ہونا ہے بہت مشکل

کبھی مفلس بھی دیکھا ہے کبھی زردار دیکھا ہے

اچھالی جا رہی ہیں پگڑیاں الزام ہے سر پر

نہیں گردن پہ سر جس کے وہی سردار دیکھا ہے

مسائل دوسروں کے حل جو کرتے ہیں حقیقت ہے

انہیں کے گھر میں اٹھتے بیچ میں دیوار دیکھا ہے

عجب ہے حال اب کس پر بھروسہ ہم کریں انجمؔ

یہاں پر لوٹنے والوں کو پہرے دار دیکھا ہے

جہاں دیکھو گے اپنا چھوڑتا ہے (غزل)

جہاں دیکھو گے اپنا چھوڑتا ہے

لڑانے کو وہ شوشہ چھوڑتا ہے

چلا جاتا ہے قتل و خون کر کے

مگر بہتا وہ دریا چھوڑتا ہے

وہ اپنے کھیل میں رہتا ہے زندہ

کچھ ایسا ہی پیادہ چھوڑتا ہے

کہ اس کی پارسائی بھی تو دیکھو

مجھے کرکے جو رسوا چھوڑتا ہے

سمندر کو نہیں ہے معاف کرنا

گناہوں کا پلندہ چھوڑتا ہے