پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف دہلوی کی غزلیں — Aarif Dehelwi Ghazals

عارف دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہاں یہ سچ ہے کہ وہ ہر دل میں مکیں ہوتا ہے (غزل)

ہاں یہ سچ ہے کہ وہ ہر دل میں مکیں ہوتا ہے

یہ غلط ہے کہ وہ ہوتا ہی نہیں ہوتا ہے

تیرا ہی حسن نمایاں ہے ہر اک انساں میں

ہر بشر میں ترے ہونے کا یقین ہوتا ہے

اور بڑھ جاتا ہے کچھ شوق طلب رہرو کا

جب مسافر کوئی منزل کے قریب ہوتا ہے

حسن کیا چیز ہے نظروں کا فریب رنگیں

دیکھیے شوق سے جس کو وہ حسیں ہوتا ہے

چپکے چپکے جو ہوا کرتی ہیں دل سے باتیں

دل کے پردے میں کوئی پردہ نشیں ہوتا ہے

اس کے دیدار کا ہر شخص طلب گار نہ ہو

سامنے سب کے کوئی پردہ نہیں ہوتا ہے

جیسے مرجھائی ہوئی سی ہو کلی گلشن میں

عشق میں ایسا ہر اک قلب حزیں ہوتا ہے

منہ سے اقرار کرو ہاں تو کہو بولو تو

وصل کا وعدہ اشاروں سے نہیں ہوتا ہے

شاہ بھی ہیں اسی دنیا میں گدا بھی عارفؔ

کوئی سائل تو کوئی تخت نشیں ہوتا ہے

آشنا مجھے سے ہر اک حور جناں پہلے سے ہے (غزل)

آشنا مجھے سے ہر اک حور جناں پہلے سے ہے

جنتی ہوں میرا جنت میں مکاں پہلے سے ہے

آگ سینے میں محبت کی نہاں پہلے سے ہے

گو نظر آتا نہیں لیکن دھواں پہلے سے ہے

سینکڑوں موجود ہیں مشتاق دید روئے دوست

ان کی محفل میں ہجوم عاشقاں پہلے سے ہے

کیا دکھاؤں میں اسے اپنا کلیجہ چیر کر

کب یقیں آئے گا اس کو بد گماں پہلے سے ہے

تیرا وحشی کیا کرے گا اپنا دامن تار تار

جوش وحشت میں گریباں دھجیاں پہلے سے ہے

یوں مجھے ٹکتے نہ دیتا فصل گل میں باغباں

وہ تو یوں کہیے چمن میں آشیاں پہلے سے ہے

دیکھتی ہے چار تنکے بھی کڑک کر غور سے

آشیاں کی فکر میں برق تپاں پہلے سے ہے

درد کی شدت ہے دل میں یا الٰہی خیر ہو

ابتدائے عشق ہے یا امتحاں پہلے سے ہے

بزم میں عارفؔ کی کیوں ہوتی ہے یہ آؤ بھگت

غالباً اس پر نگاہ دوستاں پہلے سے ہے