پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر حسین شافی کی غزلیں — Akhtar Husain Shaafi Ghazals

اختر حسین شافی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذوق نظر بڑھائیے گلزار دیکھ کر (غزل)

ذوق نظر بڑھائیے گلزار دیکھ کر

الفت کا سودا کیجئے بازار دیکھ کر

میں نے جنون عشق سے دامن بچا لیا

ہر بوالہوس کو تیرا پرستار دیکھ کر

میرے ہی در پہ تھا کوئی سائل کے روپ میں

حیرت زدہ رہا مجھے نادار دیکھ کر

نغمہ سرا نہ ہو سکا گلشن میں عندلیب

طوفان و برق و باد کے آثار دیکھ کر

بیتاب دل کو اور ترستی نگاہ کو

بہلا سکا نہ میں گل و گلزار دیکھ کر

دل گفتگو کی سمت جھکا شعر بن گئے

اظہار غم کو روح کا غم خوار دیکھ کر

ہوش و ہوس کی جنگ میں حیرت زدہ رہا

جذبوں کا شور عقل کے افکار دیکھ کر

آنکھوں سے کائنات کے آنسو ٹپک پڑے

شافی کو اس جہان میں بیمار دیکھ کر

یاد آ گئیں خرد کو وہ جنت کی لغزشیں

دل کا جنون و شوق شرر بار دیکھ کر

ہاتھوں میں دل کے پرچم افکار دے دیا

انسانیت کو برسر پیکار دیکھ کر

بندش الفاظ ہی سے شاعری ہوتی نہیں (غزل)

بندش الفاظ ہی سے شاعری ہوتی نہیں

صرف جی لینے سے جیسے زندگی ہوتی نہیں

شاعری کیفیت جذب و جنوں کا نام ہے

یہ نہ ہو تو شاعری پھر شاعری ہوتی نہیں

جو بھی ہو لیکن ہمارے واسطے یہ شاعری

پردہ دار راز ہائے زندگی ہوتی نہیں

گرمئ جذبات میں امکاں حسیں دھوکے کا ہے

دل کی چنگاری فروغ دائمی ہوتی نہیں

پاک ہوتا ہے جنون و جستجو سے راز داں

راز دانی بے نیاز آگہی ہوتی نہیں

مختلف اک دوسرے سے ہیں حقیقت اور مجاز

کوچۂ محبوب کعبہ کی گلی ہوتی نہیں

اے وطن تیری محبت قدرتاً اس دل میں ہے (نظم)

اے وطن تیری محبت قدرتاً اس دل میں ہے

تیرے احسانات کا نغمہ مری محفل میں ہے

نقش پا تیرا رہا منزل نما تہذیب کا

راحت ارض و سما پنہاں تری منزل میں ہے

بے وفائی جس نے کی تجھ سے یقیناً جو بھی ہو

نا مکمل اس کا ایماں کفر اس کے دل میں ہے

آبرو ریزی تری ہونے نہ دیں گے اے وطن

تیری ہر شے کی حفاظت کا ارادہ دل میں ہے

اس محبت کو پرستش سے بدلنا بھول ہے

یہ تقاضہ یہ توازن اس دل کامل میں ہے

سب سے اچھا ملک میرا ناز سے جو یہ کہے

فخر بے جا ہے یہ اس کا خود ستائی دل میں ہے

نام لے کر دیش بھکتی کا جو خوں ریزی کرے

کیسی سازش کیسی نفرت اس دل قاتل میں ہے

ہم پہ غداری کی تہمت یہ نوازش دیکھیے

دیکھ لیجے زہر کتنا اس رگ باطل میں ہے

اس مریضانہ رویے سے وطن مجروح ہے

اس کا نسخہ تو بتا شافیؔ جو تیرے دل میں ہے