پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف اختر نقوی کی غزلیں — Aarif Akhtar Naqvi Ghazals

عارف اختر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج بھی یاد یار باقی ہے (غزل)

آج بھی یاد یار باقی ہے

عشق کا اعتبار باقی ہے

زندگی کی رمق ہے ہم میں ابھی

آپ کا انتظار باقی ہے

یادگار جنوں ہمارے پاس

دامن تار تار باقی ہے

پھر رہے ہیں صلیب اٹھائے ہم

ہاں ابھی وصل دار باقی ہے

یہ امیدیں نہ چھین لیں حالات

بس یہی اختیار باقی ہے

لفظ و معنی کی وسعتوں کے ساتھ

شعر کا اختصار باقی ہے

مرحبا عشاقان حق تم سے

کچھ امید بہار باقی ہے

عہد الفت میں یہ خدشہ کب تھا (غزل)

عہد الفت میں یہ خدشہ کب تھا

تم سے بچھڑیں گے یہ سوچا کب تھا

رات آئینہ جو دیکھا تو لگا

اتنا ویراں میرا چہرہ کب تھا

مجھ پہ الزام لگانے والے

تو مجھے ٹھیک سے سمجھا کب تھا

یاد آئیں گی وہ رم جھم آنکھیں

گھر سے چلتے ہوئے سوچا کب تھا

اس کو نزدیک سے دیکھا عارفؔ

آج جیسا ہے کل ایسا کب تھا

کیا یہی زندگی ہے کہ ہم (نظم)

کیا یہی زندگی ہے کہ ہم

اپنے ہونے کی خوشیاں مناتے رہیں

جسم کی لذتوں نفس کی شہوتوں میں بھٹکتے رہیں

سارے بے آسرا غم گزیدوں کو عبرت کا ذریعہ سمجھ کر

اپنی آسائشوں نعمتوں کے لیے سجدۂ شکر میں اپنے سر کو جھکاتے رہیں

کیا یہی زندگی ہے

غاصبوں زرپرستوں سے نظریں چرا کر

بے کسوں بے سہاروں کو صبر و قناعت کی تلقین کرتے رہیں

گر یہی زندگی ہے تو میرے خدا

چھین لے ہم سے اپنی خلافت کا منصب

کہ ہم واقعی اس کے لائق نہیں

ورنہ اے میرے رب رحم کر رحم کر

زندگی دی ہے ہم کو تو پھر

زندگی کا سلیقہ سکھا دے