پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر حسین جعفری کی غزلیں — Akhtar Husain Jafri Ghazals

اختر حسین جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہجر اک حسن ہے اس حسن میں رہنا اچھا (غزل)

ہجر اک حسن ہے اس حسن میں رہنا اچھا

چشم بے خواب کو خوں ناب کا گہنا اچھا

کوئی تشبیہ کا خورشید نہ تلمیح کا چاند

سر قرطاس لگا حرف برہنہ اچھا

پار اترنے میں بھی اک صورت غرقابی ہے

کشتیٔ خواب رہ موج پہ بہنا اچھا

یوں نشیمن نہیں ہر روز اٹھائے جاتے

اسی گلشن میں اسی ڈال پہ رہنا اچھا

بے دلی شرط وفا ٹھہری ہے معیار تو دیکھ

میں برا اور مرا رنج نہ سہنا اچھا

دھوپ اس حسن کی یک لحظہ میسر تو ہوئی

پھر نہ تا عمر لگا سائے میں رہنا اچھا

دل جہاں بات کرے دل ہی جہاں بات سنے

کار دشوار ہے اس طرز میں کہنا اچھا

ایک پردہ ہٹا ایک چہرہ کھلا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی (غزل)

ایک پردہ ہٹا ایک چہرہ کھلا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

چاند چلتا ہوا مہر سے جا ملا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

دل سے نکلا لبوں تک سوال آ گیا اپنے رہنے سے چل کر غزال آ گیا

بند رخت صبا باب نافہ کھلا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

اپنے اپنے سفر پر پھریرے چلے رات کے لشکری منہ اندھیرے چلے

پاؤں پاؤں چلا بے سپر راستہ رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

شاخ پر پتیوں کی زبانیں کھلیں نور کی چھاؤں میں پھر دکانیں کھلیں

خواب تلنے لگے غم ترازو ہوا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

تشنگی کا ستارا زوالوں میں ہے آج اپنا سفر اپنے پیالوں میں ہے

رنگ اچھا لگا زہر میٹھا لگا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

جمع ہونے لگی فصل صدمات کی پتھروں پر ملیں چوڑیاں ہات کی

ایک فرد سزا ایک نوحہ ملا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

سطر معتوب پر عذر خواہی نہ تھی میرے خط پر کسی کی گواہی نہ تھی

فیصلہ جو ہوا آخر شب ہوا رات ڈھلنے لگی رت بدلنے لگی

خنک ہوا کا برہنہ ہاتھوں سے زرد ماتھے سے (نظم)

خنک ہوا کا برہنہ ہاتھوں سے زرد ماتھے سے

پہلا پہلا مکالمہ ہے

ابھی یہ دن رات سرد مہری کے اتنے خوگر نہیں ہوئے ہیں

تو پھر یہ بے وزن صبح کیوں بوجھ بن رہی ہے

سواد آغاز‌‌ خشک سالی میں کیوں ورق بھیگنے لگا ہے

دھواں دھواں شام کے الاؤ میں کوئی جنگل جلے

کہ روٹھی ہوئی تمنا

خزاں کا پانی کوئی اشارہ نہیں سمجھتا

یہ نہر اب تک پرانے پہرے میں چل رہی ہے

عجیب تاثیر آخر شب کے آسماں کی

ہوا چلے یا زمین گھومے

فصیل کہرے کی کوئی سورج نہیں گراتا

زمین سے ملبہ گئے دنوں کا کوئی ستارہ نہیں اٹھاتا

طویل راتیں کہ مختصر دن

کثیر وعدے قلیل عمریں

عبث حساب و شمار اس کا جو گوشت اس سال ناخنوں سے جدا ہوا ہے

سکڑتے لمحے کی ایک سرحد سے تا بہ حد‌ دگر وہی کار ستر پوشی

وہ موئے تن ہو کہ تار پنبہ کہ بال و پر عکس آئینہ کے

ہر ایک کترن پہ زردیاں بانٹنے درختوں کے فیصلے ہیں

اداس پتا

خزاں کا پانی نئے معانی نہیں سمجھتا

سو نہر اب تک پرانے پہرے میں چل رہی ہے