پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف اعظمی کی غزلیں — Aarif Aazmi Ghazals

عارف اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی خود کو کبھی خوابوں کو صدا دیتے ہیں (غزل)

کبھی خود کو کبھی خوابوں کو صدا دیتے ہیں

کیسی دیوار اٹھاتے ہیں گرا دیتے ہیں

آؤ دو چار قدم چل کے بھی دیکھیں یارو

ہم سفر اپنے کہاں ہم کو دغا دیتے ہیں

جانے کیا سوچ کے اے دوست یہ ارباب چمن

زہر پاشی سے وہ پودوں کو جلا دیتے ہیں

یہ گزر گاہ کے پتھر تری ٹھوکر میں سہی

ہر قدم پر تجھے منزل کا پتا دیتے ہیں

یہ وہ دنیا ہے جہاں جھوٹ چھپانے کے لئے

لوگ سچائی کو سولی پہ چڑھا دیتے ہیں

جب بھی آتے ہیں اسے چھو کے ہوا کے جھونکے

دل کے سوئے ہوئے جذبات جگا دیتے ہیں

دور و نزدیک یہ سناٹوں کے گہرے سائے

آنے والے کسی طوفاں کا پتہ دیتے ہیں

شہر میں لاکھ چراغاں ہو تو کیا ہوتا ہے (غزل)

شہر میں لاکھ چراغاں ہو تو کیا ہوتا ہے

میرے گھر میں وہی مٹی کا دیا ہوتا ہے

درد سینے میں مرے جب بھی مہک اٹھتا ہے

زخم یادوں کا تری اور ہرا ہوتا ہے

داستاں غم کی سناؤں یہ ضروری تو نہیں

نفس مضمون تو چہرے پہ لکھا ہوتا ہے

شدت غم سے نہ مٹ جائے کہیں میرا وجود

روز اک غم مری چوکھٹ پہ کھڑا ہوتا ہے

قتل کرتا ہے وہ ہر روز مجھے قسطوں میں

میرے احساس میں جو درد چھپا ہوتا ہے

تیری محفل سے نکل جاؤں یہی اچھا ہے

یہاں ہر روز نیا حشر بپا ہوتا ہے

غرق ہو جائے نہ کشتی کہیں ڈر سے عارفؔ

ناخدا کہتا ہے منجدھار سے کیا ہوتا ہے