اختر ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم اس سے عشق کا اظہار کر کے دیکھتے ہیں (غزل)
ہم اس سے عشق کا اظہار کر کے دیکھتے ہیں
کیا ہے جرم تو اقرار کر کے دیکھتے ہیں
ہے عشق جنگ تو پھر جیت لیں چلو ہم لوگ
ہے دریا آگ کا تو پار کر کے دیکھتے ہیں
ہے کوہسار تو نہریں نکال دیں اس سے
ہے ریگزار تو گلزار کر کے دیکھتے ہیں
ہم اس کو دیکھنا چاہیں تو کس طرح دیکھیں
سو اس کی یاد کو کردار کر کے دیکھتے ہیں
وہ ہوش مند اگر ہے تو کر دیں دیوانہ
وہ بے خبر ہے تو ہشیار کر کے دیکھتے ہیں
ہمارے سر پہ تو آتی نہیں کوئی دستار
سو اپنے سر کو ہی دستار کر کے دیکھتے ہیں
کیسے سمجھے گا صدف کا وہ گہر سے رشتہ (غزل)
کیسے سمجھے گا صدف کا وہ گہر سے رشتہ
جو سمجھ پائے نہ آنکھوں کا نظر سے رشتہ
معتبر سر ہی بنا لو تو بہت اچھا ہے
کم ہی رہ پاتا ہے دستار کا سر سے رشتہ
ہے غریبوں کا امیروں سے تعلق اتنا
جتنا ہوتا ہے چراغوں کا سحر سے رشتہ
بے اثر جب ہیں زبانیں تو کیا کیا جائے
ورنہ رکھتی ہیں دعائیں بھی اثر سے رشتہ
ہم نے رسوائی کی اس وقت سے چادر اوڑھی
جس گھڑی توڑ دیا تھا ترے در سے رشتہ
دل کا رشتہ بھی اگر سوچو تو کیا رشتہ ہے
نبھ رہا ہے اسی رشتے کے اثر سے رشتہ
جستجو اس کی خدا جانے ہے کس منزل تک
ختم ہوتا نہیں اخترؔ کا سفر سے رشتہ