عاقب شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم جو گزرے ہوئے لمحوں کی طرف دیکھتے ہیں (غزل)
ہم جو گزرے ہوئے لمحوں کی طرف دیکھتے ہیں
ایسا لگتا ہے کہ صدیوں کی طرف دیکھتے ہیں
جن کو معلوم ہے نیندوں کے اجڑنے کا عذاب
جاگتی آنکھ سے خوابوں کی طرف دیکھتے ہیں
یاد آتا ہے ہمیں آپ کا چہرہ اکثر
ہم اگر چاند ستاروں کی طرف دیکھتے ہیں
منتظر ہوں گے کئی دن سے کسی کے شاید
لوگ حسرت سے جو رستوں کی طرف دیکھتے ہیں
اس کی اک بار نظر پڑنے پہ مغرور نہ بن
لوگ بازار میں کتنوں کی طرف دیکھتے ہیں
ایسی ترتیب سے زخموں کو سیا ہے میں نے
چارہ گر غور سے ٹانکوں کی طرف دیکھتے ہیں
بتاؤں کیا کسی سے دل میں کیا کیا ٹوٹ جاتا ہے (غزل)
بتاؤں کیا کسی سے دل میں کیا کیا ٹوٹ جاتا ہے
کہ جب مفلس کے بچے کا کھلونا ٹوٹ جاتا ہے
یہ میری بد نصیبی ہے بتاؤں کس طرح تم کو
وہ جب سپنے میں آتے ہیں تو سپنا ٹوٹ جاتا ہے
بہت ہی مضطرب رہتا ہے وہ ہر پل زمانے میں
کہ جس انساں کا الفت سے بھروسہ ٹوٹ جاتا ہے
لگائے لاکھ چہرے پر کوئی چہرہ مگر سن لے
بہت دن تک نہیں رہتا مکھوٹا ٹوٹ جاتا ہے
زمیں آواز دیتی ہے محبت سے مجھے عاقبؔ
تو میرا چاند چھونے کا ارادہ ٹوٹ جاتا ہے