پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اخلاق بندوی کی غزلیں — Akhlaque Bandvi Ghazals

اخلاق بندوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ سے مت پوچھ مرا حال دروں رہنے دے (غزل)

مجھ سے مت پوچھ مرا حال دروں رہنے دے

سن کے ٹپکے گا تری آنکھوں سے خوں رہنے دے

فصل گل دشت خرد میں ہے اگرچہ موجود

مجھ کو پا بستۂ زنجیر جنوں رہنے دے

تو کرم مجھ پہ کرے گا تو جتائے گا ضرور

حال جو میرا زبوں ہے تو زبوں رہنے دے

سادگی سی کوئی زینت نہیں ہوتی جاناں

اپنی ان شوخ اداؤں کا فسوں رہنے دے

چھیڑ کر پھر وہی ماضی کے پرانے قصے

مجھ سے مت چھین مرے دل کا سکوں رہنے دے

اے زمانہ میں ترے ساتھ بدلنے سے رہا

اب میں اچھا کہ برا جیسا بھی ہوں رہنے دے

کبھی جو آنکھوں میں پل بھر کو خواب جاگتے ہیں (غزل)

کبھی جو آنکھوں میں پل بھر کو خواب جاگتے ہیں

تو پھر مہینوں مسلسل عذاب جاگتے ہیں

کسی کے لمس کی تاثیر ہے کہ برسوں بعد

مری کتابوں میں اب بھی گلاب جاگتے ہیں

برائی کچھ تو یقیناً ہے بے حجابی میں

مگر وہ فتنے جو زیر نقاب جاگتے ہیں

ستم شعارو ہمارا تم امتحان نہ لو

ہمارے صبر سے صد انقلاب جاگتے ہیں

ہمیں خود اپنی سماعت پہ شرم آتی ہے

کہ منبروں سے اب ایسے خطاب جاگتے ہیں

یہ نیند لیتی ہے اخلاقؔ وہ خراج کہ بس

جو خوب سوتے ہیں ہو کر خراب جاگتے ہیں