آلوک شریواستو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ سوچنا غلط ہے کہ تم پر نظر نہیں (غزل)
یہ سوچنا غلط ہے کہ تم پر نظر نہیں
مصروف ہم بہت ہیں مگر بے خبر نہیں
اب تو خود اپنے خون نے بھی صاف کہہ دیا
میں آپ کا رہوں گا مگر عمر بھر نہیں
آ ہی گئے ہیں خواب تو پھر جائیں گے کہاں
آنکھوں سے آگے ان کی کوئی رہ گزر نہیں
کتنا جئیں کہاں سے جئیں اور کس لئے
یہ اختیار ہم پہ ہے تقدیر پر نہیں
ماضی کی راکھ الٹیں تو چنگاریاں ملیں
بے شک کسی کو چاہو مگر اس قدر نہیں
گھر کی بنیادیں دیواریں بام و در تھے بابو جی (غزل)
گھر کی بنیادیں دیواریں بام و در تھے بابو جی
سب کو باندھ کے رکھنے والا خاص ہنر تھے بابو جی
تین محلوں میں ان جیسی قد کاٹھی کا کوئی نہ تھا
اچھے خاصے اونچے پورے قد آور تھے بابو جی
اب تو اس سونے ماتھے پر کورے پن کی چادر ہے
اما جی کی ساری سج دھج سب زیور تھے بابو جی
بھیتر سے خالص جذباتی اور اوپر سے ٹھیٹھ پتا
الگ انوٹھا ان بوجھا سا اک تیور تھے بابو جی
کبھی بڑا سا ہاتھ خرچ تھے کبھی ہتھیلی کی سوجن
میرے من کا آدھا ساہس آدھا ڈر تھے بابو جی