پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اخلاق آہن کی غزلیں — Akhlaq Aahan Ghazals

اخلاق آہن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم دور دور ہو کے بھی ہوتے ہیں آس پاس (غزل)

ہم دور دور ہو کے بھی ہوتے ہیں آس پاس

پاتے دیار غیر میں کھوتے ہیں آس پاس

ہے بے خودی کہ ترک تعلق نہ پوچھیو

تنہائی کے گزیدہ ہیں ہوتے ہیں آس پاس

کوئی نہیں ہے شہر خموشاں میں یار دوست

سب اپنے آپ ہنستے ہیں روتے ہیں آس پاس

کیا کیجئے نفاق و حسد کینہ پروری

کرتے کشید ہیں کہیں بوتے ہیں آس پاس

دل کے تعلقات ہیں دل کے تعلقات

یاں دل سے غیر غیر بھی سوتے ہیں آس پاس

ہے میل سب جہاں کا ہوا اس طرف ہی جمع

جو کچھ بھی گرد راہ ہے دھوتے ہیں آس پاس

یہ غازہ ہے کاجل ہے ابٹن ہے کیا ہے (غزل)

یہ غازہ ہے کاجل ہے ابٹن ہے کیا ہے

یہ رنگ حنا داغ دامن ہے کیا ہے

لٹک ہے مٹک ہے جھٹک ہے ادا ہے

کھٹک ہے دھڑک ہے کہ دھڑکن ہے کیا ہے

حیا کی بہاریں ہیں رعنائیوں پر

یہ جلوہ ہے مستی ہے جوبن ہے کیا ہے

یہ پھیلی ہوئی خوشبوؤں کی گھٹائیں

یہ گیسو ہے کاکل ہے الجھن ہے کیا ہے

تبسم کی بجلی قیامت کی شوخی

یہ باراں ہے بادل ہے کڑکن ہے کیا ہے

جو ساز ستم ہر طرف بج رہا ہے

وہ پائل ہے چوڑی ہے کنگن ہے کیا ہے

یہ کیسی جگہ ہے کہ دل کھو رہا ہے

بیاباں ہے صحرا ہے گلشن ہے کیا ہے

کہوں میں کبھو شعر ایسا تو کہیے

شرارت ہے لغزش ہے بھٹکن ہے کیا ہے

جنوں کا اثر آہنؔ بے نوا پر

یہ جادو ہے ٹونا ہے بندھن ہے کیا ہے