عالم نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شرافت چھین لیتی ہے صداقت چھین لیتی ہے (غزل)
شرافت چھین لیتی ہے صداقت چھین لیتی ہے
قلم کاروں سے خودداری ضرورت چھین لیتی ہے
ریا کاری سے بچئے یہ بہت زہریلی ناگن ہے
یہ ناگن زندگی بھر کی عبادت چھین لیتی ہے
زمانے میں ضروری ہے بہت تعلیم کا ہونا
جہالت آدمی سے آدمیت چھین لیتی ہے
بھری ہو جیب تو انساں نشے میں چور رہتا ہے
ذرا سی تنگ دستی سب نزاکت چھین لیتی ہے
اگر جنت کی چاہت ہے تو خدمت شرط ہے ماں کی
اگر ماں روٹھ جاتی ہے تو جنت چھین لیتی ہے
جہاں تک ہو سکے عالم کسی سے قرض مت لینا
میاں یہ قرض داری خیروبرکت چھین لیتی ہے
یہ الگ بات کہ فرصت بھی نہیں ملتی ہے (غزل)
یہ الگ بات کہ فرصت بھی نہیں ملتی ہے
خود سے مل کر ہمیں راحت بھی نہیں ملتی ہے
ہم تو کرنا بھی نہیں چاہتے دل کا سودا
اور مناسب ہمیں قیمت بھی نہیں ملتی ہے
عشق وہ جرم ہے اس جرم کو کرنے والو
اس کے مجرم کو ضمانت بھی نہیں ملتی ہے
دوڑتے بھی نہیں شہرت کے ہم آگے پیچھے
اور آسانی سے شہرت بھی نہیں ملتی ہے
ہر جگہ لوگ مہذب بھی نہیں ہوتے ہیں
ہر جگہ دوستو عزت بھی نہیں ملتی ہے
ہم نے مانا کہ برے آپ نہیں ہیں لیکن
آپ میں کوئی شرافت بھی نہیں ملتی ہے
عیش بیٹے کی کمائی سے بہو کرتی ہے
ماں کو اب دودھ کی اجرت بھی نہیں ملتی ہے
ہر کسی سے نہیں رکھتا ہوں میں رشتہ عالمؔ
ہر کسی سے یہ طبیعت بھی نہیں ملتی ہے