پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اخگر شاہانی کی غزلیں — Akhgar Shahani 1 Ghazals

اخگر شاہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری نظروں میں عطا کی ہے تری صورت مجھے (غزل)

میری نظروں میں عطا کی ہے تری صورت مجھے

مل گئی ہے دو جہاں کے حسن کی مورت مجھے

تیرے رخ کی روشنی نے مجھ پہ وہ چھڑکا ہے نور

وصل ہی اب وصل لگتی ہے تری فرقت مجھے

کوئی ایسی کیفیت کو نام کچھ دیتا پھرے

عالم الفت نے بخشی ہے نئی عظمت مجھے

کوئی کہتا ہے محبت سے ہے توہین حیات

اس کے دم سے ہے عنایت کس قدر عزت مجھے

مسکرا کر اس سے اکثر دور ہو جاتا ہوں میں

تا قیامت ڈھونڈھتی رہ جائے گی شہرت مجھے

تھک کے آخر شاعری کرنی پڑی (غزل)

تھک کے آخر شاعری کرنی پڑی

رہبروں کی رہبری کرنی پڑی

حضرت آدم کی سادہ بھول سے

تا قیامت بندگی کرنی پڑی

دوستوں کی دوستی کو دیکھ کر

دشمنوں سے دوستی کرنی پڑی

دے دیا ہے چاند سورج نے جواب

دل جلوں کو روشنی کرنی پڑی

جب کسی نے بھی نہ کچھ سمجھا ہمیں

یار کو پیغمبری کرنی پڑی