عاکف غنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر کام کا وقت مقرر ہے ہر کام کو وقت پہ ہونا ہے (غزل)
ہر کام کا وقت مقرر ہے ہر کام کو وقت پہ ہونا ہے
کس بات کی آخر جلدی ہے کس بات کا پھر یہ رونا ہے
دنیا کے مصائب جھیلنے کو مالک نے بنایا ہے جیون
آرام بھلا پھر کاہے کا پھر کاہے یہ سونا ہے
بے مقصد جینا کہتے ہیں حیوان کے جیسا جینے کو
انساں کے لیے تو یہ جیون یارو پر خار بچھونا ہے
دشوار سہی رستہ لیکن چلنا ہے ہمیں منزل کی طرف
منزل کی طلب میں عاکفؔ جی کچھ پانا ہے کچھ کھونا ہے
دل سمندر تھا لیکن یہ تشنہ لبی (غزل)
دل سمندر تھا لیکن یہ تشنہ لبی
میری قسمت میں کس روز لکھی گئی
آنکھ پر نم مگر مسکراہٹ مری
کہہ رہی تھی کہانی مرے عشق کی
عشق کے سیل کو روکنے کے لیے
غم کی دیوار رستے میں رکھ دی گئی
ظلمتیں سہہ گیا میں اسی آس پر
چاند نکلا تو جائے گی تیرہ شبی
دل ربا شہر کے کچھ سے کچھ ہو گئے
میری منزل مسلسل وہی کی وہی
خار چبھتے گئے خار چنتا گیا
تھا پرستار گلزار عاکف غنیؔ