پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آکاش اتھرو کی غزلیں — Aakash Atharv Ghazals

آکاش اتھرو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگر وہ چاہنے کا من بناتا (غزل)

اگر وہ چاہنے کا من بناتا

قسم سے میں اسے دلہن بناتا

جھٹک کے زلف انگڑائی وہ لیتی

ادھر میں جھومتا ساون بناتا

بناتا میں اگر تصویر تیری

صراحی کی طرح گردن بناتا

کسی پتھر کو پہلے کرتا مورت

پھر اس کے واسطے دھڑکن بناتا

بنا لیتا میں خود کو رام لیکن

یہ دویدھا تھی کسے لکشمن بناتا

جہاں پر ہم محبت بانٹ سکتے

خدا ایسا کوئی اپون بناتا

تمہارے نام کا سکہ اچھال سکتا ہوں (غزل)

تمہارے نام کا سکہ اچھال سکتا ہوں

تمہیں سلیقے سے میں دیکھ بھال سکتا ہوں

ابھی تو صرف بگاڑا ہے تیری عادت کو

میں تجھ کو خود میں ابھی اور ڈھال سکتا ہوں

جو تیری ذات سے مجھ کو ملے ہیں اے جاناں

میں ان غموں کو کلیجہ میں پال سکتا ہوں

مرے خدا کی خدائی اگر نواز دے تو

سمندروں میں بھی رستا نکال سکتا ہوں

میں اپنے عہد کا جگنو ہوں دیکھنا اک دن

بڑے بڑوں کو میں حیرت میں ڈال سکتا ہوں

اگر ملے جو غم روزگار سے فرصت

تو میں بھی ذہن کا دریا کھنگال سکتا ہوں

پڑے گی دھوپ جو تم پر تو ابر بن کر کے

تمہارے سر سے میں سورج کو ٹال سکتا ہوں