پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اخگر پانی پتی کی غزلیں — Akhgar Panipati Ghazals

اخگر پانی پتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں روحانی خیالوں کا سفر جاری رہا (غزل)

دل میں روحانی خیالوں کا سفر جاری رہا

تیرگی میں بھی اجالوں کا سفر جاری رہا

حادثوں نے حوصلوں کو بارہا روکا مگر

پھر بھی تیرے کچھ جیالوں کا سفر جاری رہا

ہم تھکن سے چور تھے کروٹ بدل کر سو گئے

نیند میں لیکن خیالوں کا سفر جاری رہا

وقت کے ہر دور سے لیتے رہے ہیں جو خراج

ایسے بھی کچھ با کمالوں کا سفر جاری رہا

بے حسی کے پتھروں کو توڑنے کے واسطے

زندگی تیرے حوالوں کا سفر جاری رہا

نیکیوں کے راستے محدود تھے مسدود تھے

پھر بھی اخگرؔ خوش خصالوں کا سفر جاری رہا

ابھر رہی ہے کرن صبح ضو فشاں کے لئے (غزل)

ابھر رہی ہے کرن صبح ضو فشاں کے لئے

سنور رہی ہے فضا حسن گلستاں کے لئے

مری فسردہ امیدوں کو کر دیا خنداں

یہ التفات نظر اک شکستہ جاں کے لئے

خدا کے در پہ تو سجدہ کناں ہے اک دنیا

مری جبیں ہے فقط تیرے آستاں کے لئے

ترے حضور میں آیا تو کھو گیا ایسا

زبان کھل نہ سکی عرض داستاں کے لئے

انہیں شکست محبت کا خوف کیا اخگرؔ

کفن بدوش جو نکلے ہیں امتحاں کے لئے