پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عاجز ہنگن گھاٹی کی غزلیں — Aajiz Hinganghat Ghazals

عاجز ہنگن گھاٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک اک پتا ہواؤں سے ہے لڑنے والا (غزل)

ایک اک پتا ہواؤں سے ہے لڑنے والا

پیڑ اس کا نہیں آندھی سے اکھڑنے والا

راہ چلتے ہوئے انگلی بھی کسی کی نہ پکڑ

بھیڑ میں ہوتا ہے ہر شخص بچھڑنے والا

اک ہمکتے ہوئے بچے کی طرح ضد نہ کر

خوش نما جسم کھلونا ہے بگڑنے والا

ختم محلوں کی روا داری کا دستور ہوا

اب یہاں کون ہے دیوار میں گڑھنے والا

زندگی شہر بسانے میں ہے مصروف عاجزؔ

گاؤں طوفان کی زد میں ہے اجڑنے والا

جتنی تیزی سے آ رہا تھا وہ (غزل)

جتنی تیزی سے آ رہا تھا وہ

لوٹ کر دور جا رہا تھا وہ

صرف رشتے کی بات پر یارو

عمر اپنی چھپا رہا تھا وہ

تتلیاں جتنی سامنے آئیں

رنگ سب کے چرا رہا تھا وہ

دل کسی سے نہیں ملا اس کا

ہاتھ سب سے ملا رہا تھا وہ

زخم خوردہ صداؤں کو عاجزؔ

خامشی سے اٹھا رہا تھا وہ