اکبر حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھ میں آنسو کا اور دل میں لہو کا کال ہے (غزل)
آنکھ میں آنسو کا اور دل میں لہو کا کال ہے
ہے تمنا کا وہی جو زندگی کا حال ہے
یوں دھواں دینے لگا ہے جسم اور جاں کا الاؤ
جیسے رگ رگ میں رواں اک آتش سیال ہے
پھیلتے جاتے ہیں دام نارسی کے دائرے
تیرے میرے درمیاں کن حادثوں کا جال ہے
گھر گئی ہے دو زمانوں کی کشاکش میں حیات
اک طرف زنجیر ماضی ایک جانب حال ہے
ہجر کی راہوں سے اکبرؔ منزل دیدار تک
یوں ہے جیسے درمیاں اک روشنی کا سال ہے
گھٹن عذاب بدن کی نہ میری جان میں لا (غزل)
گھٹن عذاب بدن کی نہ میری جان میں لا
بدل کے گھر مرا مجھ کو مرے مکان میں لا
مری اکائی کو اظہار کا وسیلہ دے
مری نظر کو مرے دل کو امتحان میں لا
سخی ہے وہ تو سخاوت کی لاج رکھ لے گا
سوال عرض طلب کا نہ درمیان میں لا
دل وجود کو جو چیر کر گزر جائے
اک ایسا تیر تو اپنی کڑی کمان میں لا
ہے وہ تو حد گرفت خیال سے بھی پرے
یہ سوچ کر ہی خیال اس کا اپنے دھیان میں لا
بدن تمام اسی کی صدا سے گونج اٹھے
تلاطم ایسا کوئی آج میری جان میں لا
چراغ راہ گزر لاکھ تابناک سہی
جلا کے اپنا دیا روشنی مکان میں لا
بہ رنگ خواب سہی ساری کائنات اکبرؔ
وجود کل کو نہ اندیشۂ گمان میں لا