پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفرین فہیم آفی کی غزلیں — Aafreen Faheem Aafi Ghazals

آفرین فہیم آفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک ملاقات کا بس تم سے بہانا چاہا (غزل)

اک ملاقات کا بس تم سے بہانا چاہا

ہم نے کب اپنے لیے سارا زمانہ چاہا

تم نے جو زخم دئے ہم کو بطور تحفہ

چادر اشک میں ہر غم کو چھپانا چاہا

میں نے کب مانگی حکومت یا کوئی تخت یا تاج

زندگانی میں فقط ساتھ تمہارا چاہا

تم نے دامن کو پکڑ کر مجھے روکا ہر دم

میں نے جب جب بھی محبت سے کنارا چاہا

اس طرح زندگی کو گزارا کریں گے ہم (غزل)

اس طرح زندگی کو گزارا کریں گے ہم

ہر سانس پر تمہیں کو پکارا کریں گے ہم

تنہا نہ ہونے دیں گے کبھی اپنے آپ کو

یادوں کو زندگی کا سہارا کریں گے ہم

دیدار کرنا اپنے دریچے سے جھانک کر

خود کو تری گلی سے گزارا کریں گے ہم

جب عشق ہو گیا ہے تو کس بات کا گلہ

تیرا ہر ایک ظلم گوارہ کریں گے ہم

تم اعتماد آفیؔ کو مت کرنا منہدم

مشکل پڑی تو تم کو پکارا کریں گے ہم