اکبر کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لٹاؤں مستیاں سرسبز رہ گزر کی طرح (غزل)
لٹاؤں مستیاں سرسبز رہ گزر کی طرح
دلوں کو راحتیں بخشوں ہرے شجر کی طرح
کرے وہ رات کی مانند داغ داغ مجھے
میں رنگ رنگ کروں گا اسے سحر کی طرح
وہ دھوپ ہے کہ ہوا پھول ہے کہ شبنم ہے
کبھی تو دیکھ اسے صاحب نظر کی طرح
وہ بے وفا مجھے دل سے نکال کر دیکھے
میں اس کے ذہن میں تڑپوں سدا شرر کی طرح
یہ روز و شب کا تسلسل بتا رہا ہے مجھے
ہے بے قرار مشیت ابھی بشر کی طرح
پیمبروں کے صحیفے ہیں اعتماد مرا
جہان زیست میں پھیلوں گا بحر و بر کی طرح
ستم ہے کاظمیؔ گھر میں بھی اب سبھی لمحے
گراں گزرتے ہیں احساس پر سفر کی طرح
جب بھی دل میں کسی کی یاد آئے (غزل)
جب بھی دل میں کسی کی یاد آئے
ایک کوندا لپک کے رہ جائے
رات بھر اپنے جسم و جاں سے مجھے
ایک جلتے دیئے کی باس آئے
شہر کا شہر بے چراغ ہوا
روشنی کون کس کو دکھلائے
شجر خار دار کی صورت
عہد حاضر مذاق فرمائے
اب خیالوں کے لالہ زاروں پر
خاک اڑتی ہوئی نظر آئے