پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفاق صدیقی کی غزلیں — Aafaque Siddiqui Ghazals

آفاق صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا زمیں کیا آسماں کچھ بھی نہیں (غزل)

کیا زمیں کیا آسماں کچھ بھی نہیں

ہم نہ ہوں تو یہ جہاں کچھ بھی نہیں

دیدہ و دل کی رفاقت کے بغیر

فصل گل ہو یا خزاں کچھ بھی نہیں

پتھروں میں ہم بھی پتھر ہو گئے

اب غم سود و زیاں کچھ بھی نہیں

کیا قیامت ہے کہ اپنے دیس میں

اعتبار جسم و جاں کچھ بھی نہیں

کیسے کیسے سر کشیدہ لوگ تھے

جن کا اب نام و نشاں کچھ بھی نہیں

ایک احساس محبت کے سوا

حاصل عمر رواں کچھ بھی نہیں

کوئی موضوع سخن ہی جب نہ ہو

صرف انداز بیاں کچھ بھی نہیں

نکلے سفر کو پیدل وہ چار ہم سفر تھے (نظم)

نکلے سفر کو پیدل وہ چار ہم سفر تھے

سب اپنے راستے اور منزل سے باخبر تھے

اک فلسفی تھا ان میں دوسرا تھا نائی

پھر تیسرا سپاہی گنجا تھا جس کا بھائی

جنگل میں رات آئی لازم تھا ان کو سونا

لے کر چلے تھے اپنے وہ اوڑھنا بچھونا

سوئے کچھ اس طرح وہ اس میں ہوشیاری

ہر ایک کا تھا پہرا دو گھنٹے باری باری

پہلے سپاہی جاگا پھر آدھی رات آئی

وہ سو گیا تو پہرا دینے لگا تھا نائی

لمبے تھے اور گھنے تھے جو بال اس کے سر پر

نائی نے مونڈ ڈالے تیز استرا پھیر کر

بیدار فلسفی کو کر کے یہ بولا نائی

باری اب آپ کی ہے اٹھ جاؤ میرے بھائی

جب ہاتھ فلسفی نے چندیا پہ اپنی پھیرا

آپے سے ہو کے باہر نائی کو اس نے گھیرا

یہ کیا غضب کیا ہے ناحق اسے اٹھایا

باری تھی فلسفی کی گنجے کو کیوں جگایا