اکبر حمیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زور و زر کا ہی سلسلہ ہے یہاں (غزل)
زور و زر کا ہی سلسلہ ہے یہاں
لفظ کو کون پوچھتا ہے یہاں
پہلا تو اب کسی جگہ بھی نہیں
جس طرف دیکھو دوسرا ہے یہاں
رات دن پھر رہا ہوں گلیوں میں
میرا اک شخص کھو گیا ہے یہاں
سحر ہے یا طلسم ہے کیا ہے
ہر کوئی راہ بھولتا ہے یہاں
ہر کہیں سچ ہی بولنا چاہے
شاید اکبرؔ نیا نیا ہے یہاں
کہتے ہیں ہم ادھر ہیں ستارا ہے جس طرف (غزل)
کہتے ہیں ہم ادھر ہیں ستارا ہے جس طرف
میں جانتا ہوں ان کا اشارا ہے جس طرف
سب چاہتے ہیں سطح سمندر پہ لکھے جائیں
پر جاتے ہیں ادھر کو کنارا ہے جس طرف
یہ کیا ضرور ہے یہاں عمریں گزار دیں
اک حادثے نے ہم کو اتارا ہے جس طرف
یہ آسمان آئنے کی شکل ہے کوئی
ہم اس طرف ہیں اس کا نظارا ہے جس طرف