پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفاق بنارسی کی غزلیں — Aafaq Banarasi Ghazals

آفاق بنارسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چبھے جب دل میں خار عشق پھر کمتر نکلتے ہیں (غزل)

چبھے جب دل میں خار عشق پھر کمتر نکلتے ہیں

نکلتے ہیں اگر تو جان ہی لے کر نکلتے ہیں

ترے ناوک جو سینے میں کبھی چبھ کر نکلتے ہیں

تو بن کر خون ارمان دل مضطر نکلتے ہیں

کدھر کا قصد ہے کس کا مقدر آج جاگا ہے

طلب ہوتا ہے شانہ آئینہ زیور نکلتے ہیں

تمہارا تیر رستہ روک کر سینے میں بیٹھا ہے

جو نالے بھی نکلتے ہیں تو رک رک کر نکلتے ہیں

وہ کہتے ہیں اجل ہوتی ہے جس کی ہم پہ مرتا ہے

قضا آتی ہے جب چیونٹی کی اس کے پر نکلتے ہیں

حسینوں کو جو دیکھو شکل کیسی بھولی ہوتی ہے

ٹٹولو دل اگر ان کے تو وہ پتھر نکلتے ہیں

لگا دی گرمئ الفت نے کیسی آگ سینے میں

کہ آنکھوں سے جو آنسو کی جگہ اخگر نکلتے ہیں

کوئی دیکھے ذرا آفاقؔ کی اس وقت کیفیت

کبھی حضرت جو صہبائے سخن پی کر نکلتے ہیں

دئے اس نے اوروں کو ساغر پہ ساغر (غزل)

دئے اس نے اوروں کو ساغر پہ ساغر

چبھوئے مرے دل میں نشتر پہ نشتر

مریض محبت کی ہے اب یہ حالت

کہ آتے ہیں ہر وقت چکر پہ چکر

مری سخت جانی غضب رنگ لائی

ہوئے کند قاتل کے خنجر پہ خنجر

کرم ہے یہ ساقی کی دریا دلی کا

ملے مجھ کو بھر بھر کے ساغر پہ ساغر

چڑھاتے ہیں تیوری دکھاتے ہیں آنکھیں

چبھوتے ہیں دل میں وہ نشتر پہ نشتر

تری جستجو میں مہ و مہر دونوں

لگاتے ہیں دن رات چکر پہ چکر

مقابل ہوا ان کی چتون سے جب دل

پڑے تیر پر تیر خنجر پہ خنجر

نگاہوں نے دل میں چبھوئی ہیں چھریاں

اداؤں نے مارے ہیں خنجر پہ خنجر

نہ سرکا سر اس در سے آفاقؔ ہرگز

لگا کر اسے لاکھ ٹھوکر پہ ٹھوکر