پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آدتیہ آب کی غزلیں — Aaditya Aab Ghazals

آدتیہ آب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیر ہو کر اٹھایا کمانوں کا بوجھ (غزل)

تیر ہو کر اٹھایا کمانوں کا بوجھ

سر پہ رکھ کر جئے دو جہانوں کا بوجھ

سننے والوں پہ رکھا زبانوں کا بوجھ

کہنے والوں پے ڈالا ہے کانوں کا بوجھ

آسماں کے بدن پر ہے تارا زمیں

اور زمیں پر ہے کتنی چٹانوں کا بوجھ

ساری دنیا ہماری ہے دنیا کے ہم

ہم پہ مت ڈالیے خوش گمانوں کا بوجھ

در نہیں کر سکو تو دریچہ سہی

کچھ ذرا کم تو ہو قید خانوں کا بوجھ

کتنے دن کے بعد ملتا ہے سکوں دیکھیں گے ہم (غزل)

کتنے دن کے بعد ملتا ہے سکوں دیکھیں گے ہم

دل کے سبزہ زار میں کب تک بھلا ناچیں گے غم

اک ندی ہم کو بہا لے جائے گی اس پار تک

ایک دھن کر دے گی سارے سر ہمارے تال سم

اک دیا روشن کئے جاتا ہے میرے حسن کو

ایک آئینہ ہے جس میں ڈھل رہا ہوں دم بہ دم

اوس کی شائستہ باتوں سے کہاں بہلے گا دل

آبؔ پر بجنے دو اب کے تار سپتک کی ردم