اکبر حیدری کشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا کہوں جذبات کا طوفان کتنا تیز ہے (غزل)
کیا کہوں جذبات کا طوفان کتنا تیز ہے
دل بہ حد بے خودی احساس سے لبریز ہے
عشق کی دنیا میں ہر تکلیف راحت خیز ہے
اضطراب دل بھی اک حد تک سکوں آمیز ہے
دیدنی ہے اب شکست ضبط کی بے چارگی
مسکراتا ہوں مگر دل درد سے لبریز ہے
دل نگاہ ناز کے اٹھنے سے پہلے اٹھ گیا
میرے احساسات کی رفتار کتنی تیز ہے
آنکھ میں آنسو جگر میں درد دل میں اضطراب
آہ ضبط آہ بھی کتنا تلاطم خیز ہے
عشق کی سادہ دلی ہے ہر طرف چھائی ہوئی
بارگاہ حسن میں ہر آرزو نوخیز ہے
سر ٹکرائیں جس سے وہ دیوار کہاں (غزل)
سر ٹکرائیں جس سے وہ دیوار کہاں
جسم کہاں اور روح کا یہ آزار کہاں
تنہائی کا کب یہ عالم تھا پہلے
چھوٹ گئے ہیں مجھ سے میرے یار کہاں
اندھے شہر کے سب آئینے اندھے ہیں
ایسے میں خود اپنا بھی دیدار کہاں
ٹوٹی ٹوٹی چند شبیہیں باقی ہیں
دل میں اب یادوں کا وہ انبار کہاں
میرے اندر مجھ سے لڑتا ہے کوئی
اس پیکار میں جیت کہاں اور ہار کہاں
روح دو نیم اور جسم بھی ہے ریزہ ریزہ
خاک اڑاتا پھرتا ہے پندار کہاں
کیوں یہ کشتی ڈول رہی ہے لہروں پر
ٹوٹا ہے اس کشتی کا پتوار کہاں