اکبر عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم سے آنکھیں ملائیے تو کہیں (غزل)
ہم سے آنکھیں ملائیے تو کہیں
اپنا جلوہ دکھائیے تو کہیں
رسم ہی ہے اگر تو پھر رسماً
رسم الفت نباہیے تو کہیں
کیا کہیں آپ ہیں پس پردہ
سر پردہ جو آئیے تو کہیں
دل ہے قربان پردہ پوشی پر
رخ سے پردہ اٹھائیے تو کہیں
دل میں اکبرؔ ہے جانے کیا کیا کچھ
بے حجابانہ آئیے تو کہیں
حضور حد بھی کوئی ہووے انتظاری کی (غزل)
حضور حد بھی کوئی ہووے انتظاری کی
کہ انتہا ہوئی جاوے ہے بے قراری کی
نہ کچھ کہو ہو بلاؤ ہو اور نہ آؤ ہو
عجیب طرز ہے جاناں وفا شعاری کی
اگر نہ آنا تھا تم کو تو کیوں کیا وعدہ
بہت ہی خوب سزا دی ہے اعتباری کی
شب فراق تمہارا ہی راستہ دیکھا
شب فراق فقط ہم نے آہ و زاری کی
کبھی تو ہووے سحر بھی تمہارے قدموں پر
طویل رات بہت ہے گناہ گاری کی
جلا نہ دیوے کہیں دل کو آتش حسرت
یہ بجھ نہ پائی بہت ہم نے اشک باری کی
ضعیف ہو گئے اکبرؔ مگر نشہ نہ گیا
جواب ہی نہیں ساقی وہ بادہ خواری کی