عادل رضا منصوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاند تارے بنا کے کاغذ پر (غزل)
چاند تارے بنا کے کاغذ پر
خوش ہوئے گھر سجا کے کاغذ پر
بستیاں کیوں تلاش کرتے ہیں
لوگ جنگل اگا کے کاغذ پر
جانے کیا ہم سے کہہ گیا موسم
خشک پتا گرا کے کاغذ پر
ہنستے ہنستے مٹا دیے اس نے
شہر کتنے بسا کے کاغذ پر
ہم نے چاہا کہ ہم بھی اڑ جائیں
ایک چڑیا اڑا کے کاغذ پر
لوگ ساحل تلاش کرتے ہیں
ایک دریا بہا کے کاغذ پر
ناؤ سورج کی دھوپ کا دریا
تھم گئے کیسے آ کے کاغذ پر
خواب بھی خواب ہو گئے عادلؔ
شکل و صورت دکھا کے کاغذ پر
راستے سکھاتے ہیں کس سے کیا الگ رکھنا (غزل)
راستے سکھاتے ہیں کس سے کیا الگ رکھنا
منزلیں الگ رکھنا قافلہ الگ رکھنا
بعد ایک مدت کے لوٹ کر وہ آیا ہے
آج تو کہانی سے حادثہ الگ رکھنا
جس سے ہم نے سیکھا تھا ساتھ ساتھ چلنا ہے
اب وہی بتاتا ہے نقش پا الگ رکھنا
کوزہ گر نے جانے کیوں آدمی بنایا ہے
اس کو سب کھلونوں سے تم ذرا الگ رکھنا
لوٹ کر تو آئے ہو تجربوں کی صورت ہے
پر مری کہانی سے فلسفہ الگ رکھنا
تم تو خوب واقف ہو اب تمہی بتاؤ نا
کس میں کیا ملانا ہے کس سے کیا الگ رکھنا
خواہشوں کا خمیازہ خواب کیوں بھریں عادلؔ
آج میری آنکھوں سے رت جگا الگ رکھنا
پلٹ کر دیکھ بھر سکتی ہیں (نظم)
پلٹ کر دیکھ بھر سکتی ہیں
بھیڑیں
بولنا چاہیں بھی تو بولیں گی کیسے
ہو چکی ہیں سلب آوازیں کبھی کی
لوٹنا ممکن نہیں ہے
صرف چلنا اور چلتے رہنا ہے
خوابوں کے غار کی جانب
جس کا رستہ
سنہرے بھیڑیوں کے دانتوں سے ہو کر گزرتا ہے