پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آکاش عرش کی غزلیں — Akash Arsh Ghazals

آکاش عرش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مری طرح کا کوئی شخص مر گیا مجھ میں (غزل)

مری طرح کا کوئی شخص مر گیا مجھ میں

ترے وجود کا احساس بھر گیا مجھ میں

عجیب گرد رہ شوق جم گئی لب پر

عجیب ذوق سفر سا ٹھہر گیا مجھ میں

کسی پرند کی چیخوں نے سنگ باری کی

سکوت شام کا شیشہ بکھر گیا مجھ میں

ہوائے درد چلی دل کی کھڑکیاں کھٹکیں

مکین گوشۂ امید ڈر گیا مجھ میں

ہر ایک سمت تری یاد کا دھندلکا ہے

ترے خیال کا سورج اتر گیا مجھ میں

تلاش صوت و صدا میں کدھر گیا میں عرشؔ

وہ نغمہ ساز خموشی کدھر گیا مجھ میں

وہ مر گیا سر محفل یہ بین کرتا ہوا (غزل)

وہ مر گیا سر محفل یہ بین کرتا ہوا

مرے خمیر میں کچھ درد جیسا ہے ہی نہیں

سب اپنی ذات میں اک انجمن کے مجرم ہیں

کسی وجود میں کچھ فرد جیسا ہے ہی نہیں

ہوس کی باد خزانی کا پاس ہے ورنہ

کچھ اس کے پیرہن زرد جیسا ہے ہی نہیں

میں خوں بہ چشم بھی اپنا تماش بیں ہوں عرشؔ

عجب لہو ہے مرا گرد جیسا ہے ہی نہیں

فرق کچھ بھی نہیں (نظم)

فرق کچھ بھی نہیں

چاہے کسی بھی سمت چلوں

شہر کا دشت گھنا اور گھنا ہوتا ہے

نیم تاریک گلی

جس میں لگا اک کھمبا

زردی خاص سے رنگتا ہے گلی کے کنکر

جھک گیا ہے جو کسی پیر خمیدہ کی طرح

دم بہ دم جل کے بجھا

بجھ کے جلا

کیا کہیے

بس یہی شے ہے جسے شہر کا جگنو کہہ دوں

سوچتا ہوں میں کبھی یوں بھی کہ اس دنیا میں

بے معانی ہے

مرا وجد میں آ جانا بھی

معانی کی توقع کرنا

ایک جنگل ہے کہ جس میں مرے آ جانے سے

چاہے کوئی بھی راہ چنوں

یہ جگہ بھول بھلیا ہے

مگر رستوں سے

میں بھی مانوس ہوں

دنیا بھی ہے

سب لوگ بھی ہیں

اور اک لمحۂ بے سود کو جینے کے لیے

سبھی کوشاں ہیں

سبھی جی رہے ہیں جینے کو

اور میں بھیڑ میں تنہا ہوں

ٹھگا سا

پھر بھی

آج میں بھی ہوں اسی بھیڑ کا حصہ بھر

میں سوالوں سے عقیدوں پہ لڑھک آیا ہوں

دھندھ ہے ذہن میں

پستی کا مجسم ہے بدن

کوئی آواز نہاں

مجھ سے دوبارا نہ کہے

جاگ کر بھی نہ اٹھے بستر دنیا سے کیوں

تم معانی کے مسافر تھے

مسافر ہی تو تھے