پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عادل راہی کی غزلیں — Aadil Rahi Ghazals

عادل راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اسے تم سے محبت ہے غلط فہمی میں مت رہنا (غزل)

اسے تم سے محبت ہے غلط فہمی میں مت رہنا

یہ بس دل کی شرارت ہے غلط فہمی میں مت رہنا

تمہی کو دیکھ کر وہ مسکراتا ہے تو حیرت کیا

اسے ہنسنے کی عادت ہے غلط فہمی میں مت رہنا

ہوئے برباد تو اب آہ و زاری کر رہے ہو تم

کہا بھی تھا سیاست ہے غلط فہمی میں مت رہنا

میں تجھ کو چاہتا ہوں بات یہ سچ ہے مگر پھر بھی

مجھے تیری ضرورت ہے غلط فہمی میں مت رہنا ہی

جھکی نظروں سے تکنا اور خموشی سے گزر جانا

محبت کی روایت ہے غلط فہمی میں مت رہنا

کیا کرتا ہوں راہیؔ اس کی تعریفیں سبب یہ ہے

وہ مجھ سے خوب صورت ہے غلط فہمی میں مت رہنا

کسک دل کی مٹانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے (غزل)

کسک دل کی مٹانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

کسی کا غم بھلانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

کسی کو چاہ کر اپنا بنانا ٹھیک ہے لیکن

محبت آزمانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

تمہیں پانے کی خواہش میں ہوا احساس یہ مجھ کو

مقدر آزمانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

جسے منت مرادوں سے بڑی مشکل سے پایا ہو

اسے دل سے بھلانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

کہ جس دل کی زمیں برسوں سے بنجر ہو تو پھر اس پر

نئی چاہت اگانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

غزل پڑھ کر تو آسانی سے محفل لوٹ سکتے ہو

مگر عزت کمانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے

دل مضطر کو آخر کون سمجھائے گا اے راہیؔ

سکون قلب پانے میں ذرا سی دیر لگتی ہے