پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکبر علی خان عرشی زادہ کی غزلیں — Akbar Ali Khan Arshi Zadah Ghazals

اکبر علی خان عرشی زادہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرا خیال جاں کے برابر لگا مجھے (غزل)

تیرا خیال جاں کے برابر لگا مجھے

تو میری زندگی ہے یہ اکثر لگا مجھے

دریا ترے جمال کے ہیں کتنے اس میں گم

سوچا تو اپنا دل بھی سمندر لگا مجھے

لوٹا جو اس نے مجھ کو تو آباد بھی کیا

اک شخص رہزنی میں بھی رہبر لگا مجھے

کیا بات تھی کہ قصۂ فرہاد کوہ کن

اپنی ہی داستان‌‌ سراسر لگا مجھے

آمد نے تیری کر دیا آباد اس طرح

خود اپنا پہلی بار مرا گھر لگا مجھے

آیا ہے کون میری عیادت کے واسطے

کیوں اپنا حال پہلے سے بہتر لگا مجھے

کیا یاد آ گیا مجھے کیوں یاد آ گیا

غنچہ کھلا جو شاخ پہ پتھر لگا مجھے

مرے خوابوں میں خیالوں میں مرے پاس رہو (غزل)

مرے خوابوں میں خیالوں میں مرے پاس رہو

تم مرے سارے سوالوں میں مرے پاس رہو

میرے قاتل مرے دل دار مسیحا میرے

زخم و مرہم کے حوالوں میں مرے پاس رہو

شمع رخسار لیے گیسوئے خم دار لیے

سب اندھیروں میں اجالوں میں مرے پاس رہو

کبھی خوشبو کبھی سایہ کبھی پیکر بن کر

سبھی ہجروں میں وصالوں میں مرے پاس رہو

ہو تمہیں جوہی تمہیں رولی تمہیں پاروتی

حسن خوباں کی مثالوں میں مرے پاس رہو

اپنی پلکوں پہ سجائے ہوئے نمناک چراغ

دم آخر کے سنبھالوں میں مرے پاس رہو