پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عادل مظفرپوری کی غزلیں — Aadil Muzaffarpuri Ghazals

عادل مظفرپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وفا زندگی سے نبھانے لگا ہوں (غزل)

وفا زندگی سے نبھانے لگا ہوں

میں پھر آج کل مسکرانے لگا ہوں

محبت بھری اک کہانی پرانی

سنو نہ سنو میں سنانے لگا ہوں

وہ کیسے ملی دل میں کیسے بسی تھی

میں پردے سبھی اب اٹھانے لگا ہوں

یہ عادلؔ کے اشعار ہیں تازہ تازہ

جنہیں زیر لب گنگنانے لگا ہوں

دل سوال کرتا ہے کوئی مہ جبیں ہے کیا (غزل)

دل سوال کرتا ہے کوئی مہ جبیں ہے کیا

زخم جس سے ملتے ہیں جان کے قریں ہے کیا

پہلے روز ملتے تھے اب کبھی نہیں ملتے

ہم سے دل نشیں دل کش کوئی ہم نشیں ہے کیا

عشق سے محبت سے تم کو خوف آتا ہے

درد سے بھری دنیا اس قدر حسیں ہے کیا

ڈر تو چھوٹ جانے کا ہر کسی کو ہوتا ہے

ہم بچھڑنے والے ہیں ہو گیا یقیں ہے کیا

کیا ہوا جو ہاریں گے ان جہان والوں سے

جیت جانے والوں کی صرف یہ زمیں ہے کیا

تم انا پسند عادلؔ اور نہ کینہ پرور ہو

مل گیا خدا تم کو جھک گئی جبیں ہے کیا