پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اجمل وجیہ کی غزلیں — Ajmal Wajeeh Ghazals

اجمل وجیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اچھی امی پیاری امی گڑیا ایک بنا دو (نظم)

اچھی امی پیاری امی گڑیا ایک بنا دو

ننھی منی پیاری امی گڑیا ایک بنا دو

گورا گورا مکھڑا ہو اور کالی کالی آنکھیں

لمبے لمبے بال سنہری مر مر جیسی باہیں

سکھیاں دیکھیں دیکھ کے بھرتی رہ جائیں بس آہیں

ننھی منی پیاری پیاری گڑیا ایک بنا دو

نیلے رنگ کی پہنی ہو نازک سی اس نے ساڑی

ہاتھوں میں ہوں گجرے اس کے کانوں میں ہو بالی

چال چلے وہ موروں جیسی ٹھمک ٹھمک متوالی

ایسی گڑیا ایک بنا دو جو بولے جو گائے

باجا لے کر چھم چھم چھم چھم مجھ کو ناچ دکھائے

ناچ دکھا کر میرے من کو روز یوں ہی بہلائے

ناز اٹھاؤں گی میں اس کے دیکھوں گی میں نخرے

خوب کروں گی منت اس کی روٹھے گی جب مجھ سے

اور پکا کر دوں گی اس کو میٹھے میٹھے کھانے

اب نہ کبھی آپا سے میں جھگڑوں گی پیاری امی

اب نہ کبھی میں منے کو پیٹوں گی پیاری امی

آپ کا ہر اک کہنا میں مانوں گی پیاری امی

ننھی منی پیاری گڑیا ایک بنا دو