عادل فرحت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سارے عالم کا یہی ارمان ہونا چاہئے (غزل)
سارے عالم کا یہی ارمان ہونا چاہئے
تو نہیں تو یہ جہاں ویران ہونا چاہئے
عشق میں بس فائدے اچھے نہیں ہوتے جناب
عشق میں تھوڑا بہت نقصان ہونا چاہئے
جسم کو آغوش میں لیتے ہو پر سوچا کبھی
روح کا بھی کچھ سر و سامان ہونا چاہئے
اس دغا بازی کو کب تک عشق میں سہتے رہیں
بے وفائی کا بھی کچھ امکان ہونا چاہئے
اب کہ اک محبوب ایسا ڈھونڈئیے فرحتؔ کہ جو
خوبصورت ہو نہ ہو نادان ہونا چاہئے
کوئی کمال ہوا پھر نہ اس کمال کے بعد (غزل)
کوئی کمال ہوا پھر نہ اس کمال کے بعد
کہ ایک شخص نہ بھایا ترے وصال کے بعد
اسے ملال کہ میں نے اسے چھوا ہی نہیں
مجھے ملال کہ اس نے کہا ملال کے بعد
کبھی بھی عشق جو کرنا تو سوچ کر کرنا
یہ تجربہ ہے مرا یار اپنے حال کے بعد
برہنہ روح تھی جب تک کوئی تماشہ نہ تھا
یہ سب شروع ہوا ایک خد و خال کے بعد
عجیب رنگ دکھائے ہیں عشق نے تیرے
کہ میں عروج پہ آیا مرے زوال کے بعد
ترے وصال سے نکلا تو ہجر ٹوٹ پڑا
میں پھر سے جال میں آیا ہوں ایک جال کے بعد