پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آنن کھرما کی غزلیں — Aanan Khurma Ghazals

آنن کھرما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بلندی دے کے خود کو پھر خودی کو خوار کرنا (غزل)

بلندی دے کے خود کو پھر خودی کو خوار کرنا

بشر کو بس یہی تو آتا ہے ہر بار کرنا

مجھے مٹی بنا دینا کبھی فرصت ملے تو

اسی سے پھر کئی شاعر نئے تیار کرنا

کھلا ہی کب تمہارا در کسی کی دستکوں پر

تمہیں سے میں نے سیکھا ہے مگر اصرار کرنا

بہت سے تیر مجھ پر ہیں زمانے نے چلائے

ہنر بس آپ میں تھا سینے کے اس پار کرنا

ہمیں معلوم ہیں زخموں کے مرہم بھی مگر ہم

یہی ترکیب رکھتے ہیں کہ ان پر وار کرنا

اگر مل جائے وہ آننؔ تو قصہ ختم ہی ہے

اسی میں خیر ہے بس دور سے دیدار کرنا

ذرا سی بات پہ ہر اک روایت توڑ آیا تھا (غزل)

ذرا سی بات پہ ہر اک روایت توڑ آیا تھا

اسے چھوڑا نہیں خود کو اسی میں چھوڑ آیا تھا

خلا کے پار پھر اپنی ہی تہہ میں بھی تلاشا پر

نہ زخموں کا کوئی مرہم نہ غم کا توڑ آیا تھا

کوئی آئے کوئی جائے کہانی تب یہ کھلتی ہے

کسی نے مجھ کو چھوڑا میں کسی کو چھوڑ آیا تھا

گلہ اب کس لیے آننؔ کروں بھی تو کروں کس سے

کہ اپنا نام خود ہی آندھیوں سے جوڑ آیا تھا