پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر اعظمی کی غزلیں — Akhtar Azmi Ghazals

اختر اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں تیری یاد میں گم ہوں سو میں ہوں تو ہو کر (غزل)

میں تیری یاد میں گم ہوں سو میں ہوں تو ہو کر

کہ جیسے پھول میں رہتا ہوں اس کی بو ہو کر

پھر آ جا اور یہ تصویر لے کے جا اپنی

تو خود کو چھوڑ گیا میرے رو بہ رو ہو کر

یہ دل تو روز نشیمن سجا کے رکھتا ہے

مری طرف سے گزر تو بھی تو کبھو ہو کر

گلاب سن تو گل اندام آ رہا ہوگا

دکھا دے سامنے اس کے بھی سرخ رو ہو کر

تو چاہتا ہے تو سینہ یوں چیر اخترؔ کا

کہ چیرنے کو تجھے پھر ملے رفو ہو کر

یہ وہ یقیں ہے جو الجھے یقیں سے نکلا ہے (غزل)

یہ وہ یقیں ہے جو الجھے یقیں سے نکلا ہے

ہماری ہاں کا یہ دھاگا نہیں سے نکلا ہے

یہ دل ہے سب سے بڑا بھیک مانگنے والا

پہ زندگی کا خزانہ یہیں سے نکلا ہے

ترے لیے جو یقیں دل میں آ گیا تھا مرے

وہ سانپ بن کے مری آستیں سے نکلا ہے

فلک کی چاہ میں جھوٹا یقیں ضروری ہے

یہ مان لو کہ ستارا زمیں سے نکلا ہے

جہاں میں ڈوب گیا اور ڈوبتا ہی گیا

سمندروں کا سمندر وہیں سے نکلا ہے

مجھے پناہ مرے دل نشیں نے دی ہے سدا

مرا مکان مرے ہی مکیں سے نکلا ہے

یہ خار عشق ہے اخترؔ مزہ ہی دیتا ہے

اگر چبھا تو کہاں یہ کہیں سے نکلا ہے