پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عامرشوقی کی غزلیں — Aamir Shauqi Ghazals

عامرشوقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تنہائی کی آغوش میں تھا صبح سے پہلے (غزل)

تنہائی کی آغوش میں تھا صبح سے پہلے

ملتی رہی الفت کی سزا صبح سے پہلے

شاید مرے لفظوں پہ ترس آئے اسے اب

روتے ہوئے مانگی ہے دعا صبح سے پہلے

سایہ بھی مرا کھو گیا تاریکئ شب میں

ظلمت کا اثر ایسا رہا صبح سے پہلے

جب رات میں سو جاتی ہے یہ ساری خدائی

دیتا ہے مجھے کون صدا صبح سے پہلے

شاید کہ مقدر میں نہ ہو کل کا یہ سورج

ہو جائے ہر اک قرض ادا صبح سے پہلے

شوقیؔ تجھے مل جائیں گے شیخ اور برہمن

اس شہر کے میخانے میں آ صبح سے پہلے

اے خدا حسرت و جذبات کے مارے ہوئے لوگ (غزل)

اے خدا حسرت و جذبات کے مارے ہوئے لوگ

اب کہاں جائیں یہ حالات کے مارے ہوئے لوگ

تیری دنیا کی کہانی بھی عجب ہے مولا

در بدر رہتے ہیں حق بات کے مارے ہوئے لوگ

صبح نو کے لئے زنبیل طلب لائے ہیں

دشت ویراں میں سیہ رات کے مارے ہوئے لوگ

تو بھی آرام ذرا کر لے غبار منزل

ابھی سوئے ہیں مسافات کے مارے ہوئے لوگ

ہو کے مایوس پری خانے سے لوٹے شوقیؔ

جانے کیوں شوخ اشارات کے مارے ہوئے لوگ